لاہور۔16جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات کے فروغ میں علمائے کرام کا کردار اہمیت کا حامل ہے-انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز کتاب کی رونمائی تقریب کے دوران کیا-وفاقی وزیر نے کہا کہ علمائے کرام قران پاک کی تعلیم کے فروغ اور لوگوں کو اپنے معاشرتی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ترغیب کے لیے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پیر نور الحق نے کہا کہ کتاب پڑھنے کے رجحان کو فروغ دینا صحت مند معاشرے کا ایک اہم جز ہے لیکن افسوس کہ ہمارے معاشرے میں کتاب کے مطالعے کو نظرانداز کردیا گیا ہے اور صرف نصاب سے متعلقہ کتابیں ہی پڑھانے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحیح اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں علمائے کرام کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ وہ قیمتی کتابیں اور تحقیقی کام لکھ کر کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قرآنی تعلیمات اور سنت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہی جدید اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا راستہ ہے۔