اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے یوم پاکستان، 23مارچ کے حوالے سے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے ”اتحاد، ایمان اور تنظیم” کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے، ہماری عظیم قوم نے ماضی میں اتحاد اور بھرپور عزم کے ذریعے کٹھن چیلنجوں پر کامیابی کے ساتھ قابو پایا ہے، آج ہمیں اس وباء کا سامنا کرنے کے لئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ 23مارچ ، 1940 ایک یادگار موقع تھا جب برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے آپ کو ہندوتوا ذہنیت کے جبر اور غلامی کے شکنجوں سے آزاد کرنے کے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا، آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے برطانوی ہند کے مسلمانوں کو متحد کیا اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کے لئے جدوجہد کی۔ اس جدوجہد کے نتیجہ میں 14 اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر پاکستان معرض وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ اس دن ہم بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں جنہیں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے بدترین ریاستی جبر کا سامنا ہے، ہم ان کی جرأت و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس دن کو مناتے ہوئے ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے ”اتحاد، ایمان اور تنظیم” کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔ ہماری عظیم قوم نے ماضی میں اتحاد اور بھرپور عزم کے ذریعے کٹھن چیلنجوں پر کامیابی کے ساتھ قابو پایا ہے، آج ہمیں اس وباء کا سامنا کرنے کے لئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، انشاء اﷲ ہم آزمائش کی اس گھڑی میں بھی سرخرو ہوں گے۔آئیے، آج ہم پاکستان کو قانون کی حکمرانی، میرٹ کی بالادستی، برابری اور رحمدلی پر مبنی ریاست مدینہ کی طرز پر انسان دوست، ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ اﷲ تعالٰی ہمیں تمام آزمائشوں کے دوران ثابت قدم رہنے کی توفیق عطاء فرمائے۔