میڈرڈ۔26مئی (اے پی پی):اسلامی عرب وزارتی کمیٹی، میڈرڈ گروپ اور یورپی ملکوں کا غزہ کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ ایس پی اے کے مطابق میڈرڈ گروپ اور متعدد یورپی ملکوں کے ساتھ اجلاس کی صدارت سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے کی۔
فلسطینی وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد مصطفی، اردن کے نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ ایمن الصفدی، مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی،عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل ابو الغیط اور اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ اور ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ نوح یلماز نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال کے ساتھ جنگ روکنے اور غزہ میں انسانی مصائب کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق اعلی سطح کی بین الاقوامی کانفرنس کی تیاریوں پر بھی بات چیت کی گئی جو سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں آئندہ ماہ جون میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہو رہی ہے۔وزارتی کمیٹی نے مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی حل پر عملدرآمد کےلیے کانفرنس کی کامیابی یقینی بنانے کے حوالے سے تعاون کی اہمیت پر اجاگر کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601274