اسلامی ممالک میں تعلیم اور سائنسی علوم کی آگاہی کے فروغ کے لیے یونین آف نیوز ایجنسیز او آئی سی اور کامسٹیک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

121
Comstec
Comstec

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کی سرکاری نیوز ایجنسیز پر مشتمل یونین آف نیوز ایجنسیز (یو این اے)نے او آئی سی کی سائنسی و تکنیکی تعاون کے لیے قائمہ کمیٹی کامسٹیک کے ساتھ رکن ممالک میں تعلیم اور سائنسی علوم کی آگاہی، فروغ اور تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں یونین آف نیوز ایجنسیز او آئی سی کے ڈائریکٹر جنرل محمد بن عبدالرباح الیامی اور کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری سمیت دونوں اطراف سے اعلی حکام نے شرکت کی۔

یہ معاہدہ اسلامی دنیا میں تعلیم، میڈیا اور تحقیق کے فروغ کے لیے اہم قدم ہے جس کا مقصد تعلیم اور سائنسی و تکنیکی آگاہی کے میدان میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھانا، میڈیا کے ذریعے سائنس اور ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیشرفت کو فروغ دینا، اسلامی ممالک کے طلبا اور محققین کے لیے سکالرشپس، تعلیمی پروگرامز اور تحقیقی مواقع فراہم کرنا اور رکن ممالک کے کمیونیکیشن اور انفارمیشن پروفیشنلز کی تربیت کے لیے اقدامات کرنا ہے۔

کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک نے تقریب سے خطاب کےدوران معاہدے کو اسلامی دنیا میں تعاون کے فروغ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا اور یو این اے کے ڈائریکٹر جنرل اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے تعلیم اور جدت کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم پر زور دیا۔ یہ دستخط یو این اے کے ڈائریکٹر جنرل کے پاکستان کے دورے کے دوران ہوئے جہاں انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس ”مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع“ میں شرکت کی۔