اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):اسلامی نظریاتی کونسل نے محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے جمعرات کو ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے ۔ یہ ضابطہ اخلاق پیغام پاکستان کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے ۔ ضابطہ اخلاق پر تمام مسالک کے علماء کے دستخط موجود ہیں ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام شہریوں پر فرض ہے کہ آئین کی بالادستی تسلیم کریں۔
ریاست کے خلاف مسلح کارروائی ،تشدد اوربغاوت سمجھی جائے گی۔کسی فرد کو یہ اختیار نہیں کہ وہ حکومتی،سکیورٹی فورسز سمیت کسی فرد کو کافر قرار دے۔لسانی تعصب،فرقہ واریت کی تحریکوں کا حصہ بننے سے گریز کیا جائے۔انتہا پسندی،فرقہ واریت اور تشدد کو فروغ دینے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ ضابطہ اخلاق کے حوالے سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نجی، سرکاری،مذہبی تعلیمی ادارے عسکریت کی تبلیغ نہ کریں۔کوئی شخص دہشت گردی اور اس بارے سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہو گا۔
غیر مسلموں کو حق ہے کہ وہ اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی اپنے عقائد کے مطابق کریں۔ کوئی شخص مساجد،منبر ،مجالس امام بارگاہوں میں نفرت انگیز تقریر نہیں کرے گا۔