
اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) اسلامی یکجہتی کونسل کے چیئرمین قاضی عبدالقدیر خاموش اور پاکستانی ہندو اور سکھ برادری کے نمائندوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی جنگی جنون کو حماقت قرار دیا اور کہا کہ بھارت سمیت پوری دنیا جان لے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور پاکستان میں بسنے والے مسلم اور غیر مسلم وطن کے دفاع اور سلامتی کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہا دینے کیلئے پرعزم ہیں، اسلامی یکجہتی کونسل بھارتی انتہاءپسند سوچ کے خلاف 9 اکتوبر کو اسلام آباد میں ملک گیر قومی کنونشن کا اہتمام کرے گی۔ پیر کو یہاں ایک مقامی ہوٹل میں سکھ رہنما ڈاکٹر جتندر سنگھ، ہندو رائٹس کمیشن کے چیئرمین ہارون سرب دیال اور پی ڈی ایف کی بانی چیئرمین فرزانہ بشیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ اس وقت دنیا نفرت، سفاکیت اور تشدد سے بھری ہوئی ہے اور نریندر مودی جیسے عناصر اس تعصب، نفرت اور تشدد میں اضافہ کا باعث ہیں۔ نریندر مودی اور اس کے اتحادیوں کا نقطہ نظر ہندوستان سے دیگر مذاہب یہاں تک کہ مسیحوں اور نچلی ذات کے ہندوﺅں کو بھی طاقت، قوت اور جبر کے ذریعے ختم کرنا چاہتے ہیں۔