اسلام آباد،راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور میں 22 سے 26 جولائی تک ممکنہ بارشوں سے نشیبی علاقےاربن فلڈنگ کا باعث بن سکتےہیں ، این ڈی ایم اے

207
این ڈی ایم اے

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد،راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور میں 22 سے 26 جولائی تک ممکنہ بارشوں سے نشیبی علاقےاربن فلڈنگ کا باعث بن سکتےہیں اور اسی دوران مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہے۔

ہفتہ کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مون سون اپ ڈیٹ کے مطابق 22 اور 23 جولائی کوڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے۔موسلا دھار بارشوں سے 22 سے 24 جولائی کے دوران کراچی اور حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں، کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کہ وہ موسم کی پیشن گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کاشتکاری کریں۔

سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیادہ محتاط رہیں تاکہ موسم برسات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ آندھی گرج چمک ڈھیلے ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتی ہے جیسے بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ لہذا محتاط رہیں ۔ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگ آندھی طوفان/موسلا دھار بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔