اسلام آباد،سینیٹر منظور احمد کاکڑ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کے متفقہ طور پر چیئرمین منتخب

103
سینیٹر منظور احمد کاکڑ

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں قواعد و ضوابط اور ضابطہ کار کی شق175(2) کے تحت کمیٹی کے چیئرپرسن کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ قائمہ کمیٹی کے ارکان نے سینیٹر منظور احمد کاکڑ کو چیئرمین کی ذمہ داریاں سونپنے کی متفقہ طور پر توثیق کر دی۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سینیٹر منظور احمد کاکڑ کو نامزد کرنے کی تجویز سینیٹر شیری رحمان نے پیش کی اور سینیٹر شہادت اعوان نے اس کی تائید کی۔

سینیٹر منظور کاکڑ نے اپنے خطاب میں اظہار تشکر کرتے ہوئے کمیٹی کی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لئے باہمی تعاون پر زور دیا۔ موجودہ سینیٹرز نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا اور ان کے تحفظات کے حل کے لئے غیر متزلزل تعاون کا یقین دلایا کیا۔ منصب سنبھالنے کے بعد سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے اپنے ساتھی کمیٹی کے ارکان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے سابق چیئرمین کمیٹی انوار الحق کاکڑ کے اقدامات کا اعادہ کیا اور کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے ان کی انتھک جدوجہد اور اقدامات کو جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر موجود سینیٹرز نے ”اوورسیز پاکستانیوں” کو ایک اہم قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کی بے پناہ قدر کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تارکین وطن پاکستانیوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا اور ملکی معیشت کو تقویت دینے میں تارکین وطن کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اراکین سینیٹ شیری رحمٰن، رانا محمود الحسن، شہادت اعوان اور ذیشان خانزادہ نے شرکت کی اور سب نے سمندر پار پاکستانیوں کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی عزم کا اعادہ کیا۔