اسلام آباد،چیئرمین این ڈی ایم اے کی زیر صدارت اجلاس،متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کو بارشوں اور سیلاب کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت

126
چیئرمین این ڈی ایم اے
اسلام آباد،چیئرمین این ڈی ایم اے کی زیر صدارت اجلاس،متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کو بارشوں اور سیلاب کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت

اسلام آباد۔ 07 اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کو حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور درست اعداد و شمار جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔پیر کو یہاں این ڈی ایم اے میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر( این ای او سی ) کا خصوصی اجلاس ہوا جس کی صدارت چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کی۔ سیشن میں محکمہ موسمیات ، فیڈرل فلڈ کمیشن، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن،تربیلا اور منگلا ڈیم مینجمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔سیشن میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات، بڑے ڈیموں کی صورتحال اور مون سون کے دوران دریاؤں کے بہاؤ کاجائزہ لیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے ملک میں گزشتہ دنوں کی بارشوں کے بارے میں سیشن کو تفصیلاًآگاہ کیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آنے والے ہفتے میں پنجاب کے شمال مشرقی علاقوں، خیبر پختونخواہ، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر کے جنوبی حصوں میں متوقع بارشوں کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے اپنے اپنے صوبوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی اور حالیہ مون سون میں ریسکیو اور ریلیف کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلاً آگاہ کیا۔فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن نے بتایا کہ آنے والے ہفتےبڑے دریاؤں میں کسی قسم کی سیلابی صورتحال متوقع نہیں ۔

منگلا اور تربیلا ڈیم کی انتظامیہ نے ڈیموں میں پانی کی سطح اور ہنگامی اقدامات کے حوالے سے تفصیلات دیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور درست اعداد و شمار جمع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کومون سون کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے وا لے اقدامات کے بارے میں عوام میں آگاہی بڑھانے اور موسمی صورتحال کی ہمہ وقت نگرانی کی ہدایت کی۔