35.5 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومتجارتی خبریںاسلام آباد،چیمبر آف کامرس کا دارالحکومت کے گردونواح میں جدید طرز کا...

اسلام آباد،چیمبر آف کامرس کا دارالحکومت کے گردونواح میں جدید طرز کا مذبح خانہ قائم کر نے کی اپیل

- Advertisement -

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ دارالحکومت کے گردونواح میں ایک جدید طرز کے مذبح خانے کی تعمیر اس شعبے کی تاجر برادری کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے جو ابھی تک پورا نہیں کیا گیا،

سی ڈی اے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اس دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کیلئے جلد اقدامات کرے جس سے اس شعبے کی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، سی ڈی اے پولٹری کے شعبے کےلئے بھی ایک مخصوص مارکیٹ قائم کرنے پر غور کرے جس سے یہ شعبہ بھی بہتر ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان جمعیت القریش( میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن )کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے ایسوسی ایشن کے صدر خورشید احمد قریشی کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔

- Advertisement -

ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر جاوید قریشی، سیکرٹری جنرل سردار ظہیر احمد اور دیگر وفد میں شامل تھے۔احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان خلیجی ممالک سمیت دنیا کے کئی ممالک کو حلال گوشت برآمد کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے، انہوں نے وفد پر زور دیا کہ وہ اپنی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن پر توجہ دیں جس سے ان کے کاروبار اور برآمدات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر اس شعبے کی تاجر برادری کے اہم مسائل کو حل کرانے کے لیے ہرممکن کوشش کرے گا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آل پاکستان جمعیت القریش کے صدر خورشید احمد قریشی نے چیمبر کے صدر کو اپنے شعبے کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ان کو متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کے ذریعے حل کرائیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ حکومت پولٹری سیکٹر کے مسائل کے حل پر بہتر توجہ دے تا کہ یہ شعبہ بہتر ترقی کر کے معیشت کی بہتری میں اپنا فعال کردار ادا کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کا شعبہ معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے کیونکہ اس کا زراعت میں 60 فیصد اور جی ڈی پی میں 11 فیصد سے زائد حصہ ہے ، اس کے علاوہ یہ شعبہ دیہی علاقوں کے عوام کےلئے آمدنی حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے کیونکہ وہ اپنی آمدنی کا 35 سے 40 فیصد اسی شعبے سے حاصل کرتے ہیں۔آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ لائیو سٹاک اور پولٹری سیکٹرز کے مسائل کو جلد حل کرنے پر توجہ دی جائے تاکہ ان کی کاروباری سرگرمیوں اور برآمدات کو مزید بہتر کیا جا سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419120

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں