اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے پیر سے 3 ستمبر کے دوران طوفانی بارشوں کے باعث اسلام آباد، را ولپنڈی ، نارووال، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ، گجرات ، منڈی بہاؤالدین، لاہور، قصور،اوکاڑہ، شیخوپورہ ، حافظ آباد اور گر دو نواح میں نشیبی علاقے زیر آب آنے اور مقامی/برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا ہے ،طوفانی بارش کے باعث جموں، بھمبر، میر پور، کوٹلی، پونچھ ، حویلی اور گر دو نواح میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقا می برساتی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ ہے،موسلادھار بارش /آندھی /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفرا سٹرکچر (کچے گھر /دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں، سولر پینل وغیرہ) کو نقصان کا اندیشہ ہے۔مسافروں اور سیاح سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، شمالی مشرقی پنجاب میں بیشتر مقا مات پر جبکہ اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخومیں کہیں کہیں پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کشمیر ، شمال مشرقی پنجاب اوربالائی خیبر پختونحوامیں کہیں کہیں پر تیز/موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں سیدو شریف 26، بالاکوٹ 25، مالام جبہ 16،کاکول 03، کشمیر میں گڑھی دوپٹہ 24، کو ٹلی 08،را ولا کو ٹ 06، مظفر آباد (سٹی 05، ایئر پورٹ 03)، پنجاب میں قصور 09، اسلام آباد(سید پور 10، گولڑہ 04)، نارووال 05،راولپنڈی (چکلالہ ) 03، گوجرانوالا 02، گلگت بلتستان میں چلاس 08، با بو سر میں 4میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔پیر کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت دالبندین 43 اور نوکنڈی میں 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔