اسلام آباد، خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، بالائی/ وسطی پنجاب اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

206

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):اسلام آباد، خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، بالائی/ وسطی پنجاب اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش جبکہ گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید مرطوب رہا تاہم اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور بارکھان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ِ سب سے زیادہ بارش راولپنڈی میں (چکلالہ ائرپورٹ 44، شمس آباد 39، کچہری 16)، منگلا 44، سیالکوٹ (سٹی 43، ایئرپورٹ 18)، گجرات 35، نارووال 32، اسلام آباد (گولڑہ 24، بوکرا 21، سید پور 19، زیروپوائنٹ 18،ائرپورٹ 14)، جہلم 22، گوجرانوالہ 13، لاہور (ائرپورٹ 9، سٹی 3)، قصور 4، مری، اٹک ایک، زیریں دیر 34، مردان 5، بارکھان 11، گڑھی دوپٹہ، 8، کوٹلی 6، مظفرآباد (سٹی 6، ائرپورٹ 5) اور راولاکوٹ میں ایک ملی میٹر بارش ر یکارڈ کی گئی۔

جمعرات کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق نوکنڈی اور دالبندین میں درجہ حرارت 49، سبی 46، پنجگور، جیکب آباد 45، دادو، چلاس، تربت اور روہڑی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے متنبہ کیا ہے کہ 5 سے 7 جولائی کے دوران تیز/ موسلا دھار بارش سے اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، دیر، سوات، کشمیر اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال /طغیانی کا خطرہ جبکہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا بھی خطرہ ہے۔