اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ناجائز منافع خوری پر14 ہزار روپے کے جرمانے،ایک دکان سربمہر اور2 افراد کو گرفتار کرلیا۔منگل کو ضلعی انتظامیہ کے جاری بیان کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرزنے اپنے اپنے علاقوں میں قیمتوں میں اضافے، تجاوزات اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف آپریشنزکئے۔
اس حوالے سے ترجمان آئی سی ٹی نے کہاکہ اسسٹنٹ کمشنرز نے قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے 124 مقامات پر انسپکشن کی اور 14 ہزار جرمانہ ، ایک دکان سیل اور 2 افراد کو گرفتار کر لیا ، پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیوں میں 54 بھکاریوں کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا۔اس دوران غیر قانونی کلینکس اور شیشہ کیفیز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ۔اسسٹنٹ کمشنرز نے تجاوزات کے خلاف بھی آپریشن کیا اور خلاف ورزی پر 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائیوں میں 8 کلو گرام سے زائد پولی تھین بیگز ضبط کر لیے گئے۔
غیرقانونی پٹرول ایجنسیوں اور ایل پی جی فلنگ سٹیشنز کے خلاف کارروائیوں میں ایک ایل پی جی فلنگ سٹیشن کو سیل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کا ناجائز منافع خوری، تجاوزات، بھکاریوں، غیرقانونی پٹرول ایجنسیوں اوردیگر کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔