اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر ای-گیٹس کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور تنصیب کے منصوبے کا آغاز

124

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ہیڈکوارٹرز کراچی میں منگل کو ایم 2 پی کنسلٹنگ کے مقامی و غیر ملکی ماہرین نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر ای-گیٹس کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور تنصیب کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔

اس حوالہ سے معاہدہ پر دستخط سے قبل منصوبے کی تکنیکی و عملی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیلئے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس صادق الرحمٰن اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ سمعیر سعید نے کی۔ پی اے اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بعد ازاں معاہدہ پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ معاہدے پر منیجنگ پارٹنر ایم 2 پی کنسلٹنگ کرسٹوف موسٹرٹ اور ڈائریکٹر انجینئرنگ سروسز کاشف شاہ جیلانی نے دستخط کئے۔معاہدہ کے مطابق پلاننگ، ڈیزائن، تنصیب اور عملدرآمد سمیت پورا منصوبہ 24 ماہ میں مکمل ہوگا۔

ایم 2 پی کنسلٹنٹس عملدرآمد کے دوران تکنیکی رہنمائی اور ٹینڈرنگ مرحلہ کے بعد منتخب کمپنی کی نگرانی کریں گے۔تقریب میں ای-گیٹس کوآئی سی اے او اور مقامی ایجنسیوں کے نظاموں سے جوڑنے پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ یہ نظام سکیورٹی، خودکار چیکنگ، اور عملے پر انحصار میں کمی کے ذریعے مسافروں کے لیے سفر کو سہل اور مؤثر بنائے گا۔ واضح رہے کہ لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر سروے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سروے بدھ سے شروع ہو گا۔ اس موقع پر (پی اے اے) کے سینئر افسران، بشمول پلاننگ، ڈویلپمنٹ اور انجینئرنگ سروسز کے ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔