اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آبادسمیت مشرقی پنجاب ، جنوب مشرقی سندھ، بالائی خیبر پختونخواہ ، خطہ پوٹھو ہار، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا،بالائی پنجاب ، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
اس دوران سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 29، دیر 16، دروش 8، کاکول 3، مری 20، قصور 18، اوکاڑہ ایک، گڑھی دوپٹہ 12، کوٹلی 4، گلگت اور بگروٹ 5 جبکہ بونجی میں 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق دالبندین میں درجہ حرارت 45، نوکنڈی ا وردادو میں44سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔