اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خاتون مسافر کا20 لاکھ روپے مالیت کا سامان اس کے رشتہ دار کے حوالے کر دیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق علی الصبح فلائٹ سے لندن جانے والی خاتون مسافر بیگ ائیرلائن کائونٹر پر بھول گئی تھی ۔
اطلاع ملنے پر ڈی ایف او ڈیپارچر نے بیگ ڈھونڈ کر لوسٹ اینڈ فائونڈ شعبہ میں جمع کرادیا۔ بیگ میں موجود آٹھ تولے سونا، ایک لاکھ روپے نقدی، لیڈیز سوٹس اور دیگر اشیا کی کل قیمت تقریبا بیس لاکھ روپے بنتی ہے موجود تھے۔ رابط کرنے پر ایئرپورٹ منیجر کے دفتر میں بیگ خاتون مسافر کے بھتیجے کے حوالے کردیا گیا۔