اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے متعدد شہروں میں بدھ کی علی الصبح 5.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش پہاڑی سلسلے میں سطح زمین سے 121 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
زلزلہ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق بدھ کی علی الصبح 4بجکر 13منٹ پر آیا جس کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ظفروال، سرائے عالمگیر، پشاور، نوشہرہ، مردان، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، چترال، شانگلہ، مالاکنڈ، مظفرآباد، بھمبر اور دیگر کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ملک کے کسی بھی حصے سے ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔
امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق ہندو کش ریجن میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.6 درجے تھی اوراس کے جھٹکے افغانستان، پاکستان، تاجکستان اور ازبکستان کے کچھ علاقوں میں محسوس کئے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582617