اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر طیارہ لینڈنگ کے دوران جنگلی جانور کے ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا اسے طیارے کا حادثہ کہنا درست نہیں ہے ۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دبئی سے اسلام آباد آنے والی فلائٹ نے رات 11بجکر 51 پر لینڈ کیا-لینڈنگ کے بعد پائلٹ نے رن وے 28L پر لینڈنگ رول کے دوران نوز وہیل پر جانور ٹکرانے کی اطلاع دی،
رن وے کے معائنہ پر ٹیکسی وے C اور F کے درمیان مردہ جانوروں کی باقیات پائی گئیں، متعلقہ ایئرلائن کے انجینئرنگ شعبہ نے ہوائی جہاز کو کوئی نقصان نہ پہنچنے کی اطلاع دی ہے- ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر جہاز کو حادثہ کہنا قطعی درست نہیں، وائلڈ لائف کو ایئرپورٹس سے دور رکھنے کے ہرممکن انتظامات کئے جاتے ہیں، متعلقہ حکام واقعہ کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔