اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد سیکٹر I-11/4 سلاٹر ہاؤس پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنایا جائے گا،یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا مذبح خانہ ہوگا جو تمام جدید تقاضوں کو پورا کرے گا اور اسلام آباد اور اس کے گردونواح کے شہریوں کو تازہ گوشت فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اطہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد کے سیکٹر I-11/4 میں قائم کیے جانے والے مجوزہ سلاٹر ہاؤس کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں سی ڈی اے پر ایس اے پی ایم علی نواز اعوان، ایم این اے راجہ خرم، سی ای او پی پی پی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مذبح خانہ کا کل رقبہ 8000 مربع فٹ ہے جس میں ابتدائی طور پر ہر ہفتے 15000 سے زائد جانور ذبح کئے جاتے ہیں۔
وزیر کو مزید بتایا گیا کہ جانوروں کے لیے چراگاہوں، پانی کی فراہمی اور دیگر متعلقہ سہولیات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے تجارتی سرگرمیوں کے لیے زمین فراہم کرے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کیا جا سکے۔ مزید یہ کہ پراجیکٹ کو تیزی سے ٹریک کرنے کے لیے جتنی جلد ممکن ہو بولی لگانے کے طریقہ کار کو مکمل کریں۔
اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد کے مکینوں کو تازہ، معیاری اور صحت بخش گوشت کی فراہمی کے لیے اس سلاٹر ہاؤس کو جدید ترین مشینری اور آلات سے لیس کیا جانا چاہیے۔ یہ مذبح خانہ اسلام آباد کی بنیادی ضرورت ہے اس لیے اس منصوبے کو جدید معیار کے مطابق اور بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جانا چاہیے۔