مکہ مکرمہ ۔13مئی (اے پی پی):روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد سے کل بدھ کو 633 پاکستانی عازمین کو لے کر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی دو پروازیں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر اتریں گی۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) حج عبدالوہاب سومرو نے ایک انٹر ویو میں’’ اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ حج فلائٹس آپریشن کا دوسرا مرحلہ کل (بدھ) سے شروع ہوگا۔
اس مرحلے کے تحت پی آئی اے کی پہلی پرواز PK-741 اللہ تعالی کے 305 مہمانوں کو لے کر جدہ پہنچے گی جبکہ دوسری پرواز پی کے 791 ۔ 328 عازمین کو لے کر شام 6 بجکر 55 منٹ پر پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 29 ہزار پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ ان میں سے 14000 اس وقت مکہ مکرمہ میں اور 15000 مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔ سرکاری سکیم کے تحت تقریباً 39 ہزار عازمین براہ راست مدینہ منورہ جبکہ بقیہ 49 ہزار سے زائد براہ راست مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔ ڈی جی نے کہا کہ عازمین حج نے اس سال پاکستان حج مشن کے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج مشن نے 8 سے 12 ذوالحج تک بالخصوص حج کے پانچ اہم ایام مشاعر میں جدید ترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ روایتی گدوں کو صوفے کے ساتھ بستروں سے بدل دیا گیا ہے، خیموں کو جپسم بورڈ کی دیواروں کے ساتھ اپ گریڈ کیا گیا ہے اور موجودہ ایئر کولرز کے ساتھ ایئر کنڈیشنر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ڈی جی نے کہا کہ آرام کو بڑھانے کے لیے ایلیویٹڈ سامان سٹوریج ریک بھی متعارف کرائے گئے ہیں اور منیٰ میں حاجیوں کو دن میں پانچ وقت کا تازہ تیار شدہ کھانا ملے گا ۔
عبدالوہاب نے بتایا کہ گزشتہ سال درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ گیا تھا تاہم اس سال یہ نمایاں طور پر کم رہنے کی پیش گوئی ہے۔ مکہ مکرمہ میں عازمین کو عزیزیہ اور بطحا قریش کے محلوں میں "بہترین ہوٹلوں اور عمارتوں” میں ٹھہرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سرکاری سکیم کے تحت تقریباً 89,000 افراد حج کریں گے جبکہ 23,620 پاکستانی نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ معاوین (معاون عملہ) حاجیوں کو چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بغیر کسی شکایات کے عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ڈی جی نے سعودی حکومت بالخصوص ڈی جی حج اور نائب وزیر حج و عمرہ کی جانب سے پاکستانی عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے پر ان کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے مختلف موبائل ایپلیکیشنز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز متعارف کروا کر عازمین حج کے روحانی تجربے میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔
پچھلے کچھ سالوں میں سعودی عرب نے موبائل ایپس جیسے نسوک، حج نیویگیٹر، توکلنا اور اسیفنی شروع کی ہیں تاکہ بروقت اور تسلی بخش رہنمائی اور ضروری خدمات کو بہتر کیا جا سکے۔ ڈی جی نے وضاحت کی کہ نسوک ایپ اجازت نامے کا اجراء، بکنگ کی خدمات، انٹرایکٹو نقشے، ریئل ٹائم اپ ڈیٹس اور صحت کی سہولیات تک رسائی فراہم کرتی ہے۔ یہ سب متعدد زبانوں میں ہے۔ توکلنا حج سے متعلق معلومات اور خدمات پیش کرتا ہے جبکہ حج نیویگیٹر ریئل ٹائم نقشے، ہجوم کی تازہ ترین صورتحال اور ٹریفک الرٹس فراہم کرتا ہے۔
اسیفنی صارفین کو ہنگامی طبی خدمات کی درخواست کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ عبدالوہاب سومرو نے کہا کہ ان جدید اقدامات سے غیر ملکی مشنز کو جلد بکنگ اور دیگر انتظامات میں مدد ملی ہے۔ ڈی جی نے کہا کہ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، جدہ کے قونصل جنرل، قونصلیٹ اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام اور سعودی حکومت کے نمائندے اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کا استقبال کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596628