اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نےرمضان المبارک کا دوسرا عشرہ مکمل ہونے پر انتظامیہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے،انتظامیہ نے ناجائز منافع خوری پریکم سے 20 رمضان تک شہر بھر سے 1 ہزار 678 دکانداروں کوگرفتار کر لیا۔ہفتہ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے 20 روزوں میں 11 ہزار 329 کاروائیاں کیں،42 دکانوں کو غیر معیاری و مہنگی اشیاء بیچنے پر سیل کر دیا گیا۔
گراں فروشوں کو مجموعی طور پر 27 لاکھ 44 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیاگیا،شہر بھر میں 6 رمضان بازار 20 فئیر پرائس شاپس قائم کی گئیں،رمضان بازاروں میں گھی، چینی، چکن، انڈوں سمیت تمام اشیاء ضروریہ پر واضع سبسڈی دی ہیں ۔فئیر پرائس شاپس پر 15 سے زائد پھلوں اور سبزیوں کی آئٹمز پر ڈسکاؤنٹ دی گئی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن روزانہ کی بنیاد پر رمضان بازاروں کے دورے کر رہے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم ڈی سی ہیلپ لائن پر شہریوں کی شکایات کا یقینی ازالہ کیا جا رہا ہے ۔
ڈی سی اسلام آباد نےگراں فروشی پر قابو پانے میں شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے،رمضان بازاروں میں کوالٹی و قیمت پر کسی صورت سمجھوتہ ممکن نہیں۔عرفان میمن نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں بھی قیمتوں پر کنٹرول پانے کے لیے کاروائیاں جاری ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575361