اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی 40 کلو غیر صحت مند گوشت ضبطگی ، 0.27 ملین روپے جرما نے عائد ،ڈاکٹر طاہرہ صدیق

127
Unhealthy meat
Unhealthy meat

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):اسلام آباد فوڈ اتھارٹی (آئی ایف اے) کی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر طاہرہ صدیق کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حفظان صحت کے معیارات کی خلاف ورزی پر جاپان روڈ، جگیوٹ اور ترامڑی چوک میں گوشت کی دکانوں کامعائنہ کیا۔گوشت کی 25 دکانوں کے جامع معائنے میں حفظان صحت اور صفائی ستھرائی میں سنگین کوتاہیوں کا انکشاف ہوا۔ ناقص انتظامات پر 14 دکانوں کو مجموعی طور پر 0.27 ملین روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ 11 دیگر کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

مزید برآں غیر صحت مند 40 کلو سے زائد گوشت بھی ضبط کیا گیا ہے۔اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ متعدد دکانوں سے غیر صحت مند گوشت فروخت کیا جا رہا تھا جو خوراک کے حوالہ سے غیر موزوں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ ​​ہدایات اور حفظان صحت کے معیارات کی خلاف ورزیاں ایک عام مسئلہ تھا۔ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے اس بات پر زور دیا کہ غیر صحت مند گوشت کا استعمال صارفین کے لیے صحت کے لیے اہم خطرات کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جرمانے عائد کرنے کے علاوہ اتھارٹی خوراک کی پیداوار کے تمام مراحل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کرنے کے اقدامات پر کام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے مزید کہا کہ ہم صحت عامہ کو لاحق خطرات کو ختم کرنے کے لیے فوڈ آؤٹ لیٹس کا مسلسل معائنہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ، فوڈ سیفٹی کو یقینی بنانے اور وفاقی دارالحکومت میں فوڈ پوائنٹس پر سخت چیکنگ برقرار رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔