24.1 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومعلاقائی خبریںاسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے گزشتہ ماہ 1,200 سے زائد معائنے ،...

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے گزشتہ ماہ 1,200 سے زائد معائنے ، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر متعدد دکانیں سیل

- Advertisement -

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):اسلام آباد فوڈ اتھارٹی (آئی ایف اے) نے جولائی کے دوران شہر بھر میں 1,200 سے زائد معائنے کیےجس کے نتیجے میں بھاری جرمانے، مصنوعات ضبط اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔

اے پی پی کے ساتھ خصوصی بات چیت میں آئی ایف اے کی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے یکم جولائی سے 31 جولائی تک کی مدت پر محیط آئی ایف اے کی ماہانہ رپورٹ کا اشتراک کیا، وفاقی دارالحکومت میں خوراک سے متعلقہ کاروباروں میں مجموعی طور پر 1,276 انسپکشنز کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد ریستورانوں، بیکریوں، جنرل اسٹورز، فوڈ پروسیسنگ یونٹس اور سڑک کے کنارے دکانداروں میں حفظان صحت اور حفاظتی معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانا ہے۔ اس ضمن میں دورے کیئے گئے جس کے بعد856 آؤٹ لیٹس کو بہتری کے نوٹس جاری کیے گئے، انہیں حفظان صحت کے مسائل کو حل کرنے اور اسٹوریج، ہینڈلنگ اور صفائی کے حالات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں 113 کاروباری اداروں پر 2.01 ملین روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اس کے علاوہ، 58 اداروں کو غیر تعمیل اور فوڈ سیفٹی ریگولیشنز کی بار بار خلاف ورزیوں پر سیل کیا گیا۔ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ اتھارٹی نے 51 عوامی شکایات کے مقامات کا معائنہ کیا اور اٹھائے گئے مسائل کو حل کیا۔

- Advertisement -

بنیادی قانونی اور حفظان صحت کے معیارات پر پورا اترنے والے کاروباروں کو 425 فوڈ لائسنس جاری کیے گئے۔ایک فوڈ آؤٹ لیٹ کے خلاف سنگین خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ دریں اثنا معائنے کے دوران آئی ایف اے نے غیر محفوظ، میعاد ختم، یا کم معیار کی اشیائے خوردونوش کی ایک قابل ذکر مقدار کو ضبط کر کے ضائع کر دیا۔ مجموعی طور پر 3,035 کلو گرام فی لیٹر مختلف غذائی مواد تلف کیا گیاجس میں 1,050 کلو گرام غیر معیاری یا خراب شدہ گوشت قبضے میں لے کر تلف کر دیا گیا۔اس دوران 923 کلو گرام فی لیٹر خراب یا ملاوٹ شدہ دودھ اور ڈیری اشیاء کو ضائع کر دیا گیا۔

اسی طرح 249 کلو گرام پہلے پیش کیا گیا یا باسی کھانا ملا اور کھانے پینے کی جگہوں سے ضائع کر دیا گیا۔مزید برآں 227 کلوگرام فی لیٹر خوراک اس کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ کو شیلف سے ہٹا دی گئی۔ کھانا پکانے کے لیے نا مناسب 41 لیٹر تیل تلف کر دیا گیا اور آئوڈین کی کمی سے 15 کلو نمک کو ضائع کر دیا گیا۔مجموعی طور پر 20 کلو گرام چائے میں نقصان دہ مادوں کی ملاوٹ کی گئی اور 12 کلو گرام ممنوعہ ایم ایس جی جو اکثر فاسٹ فوڈ میں استعمال ہوتی تھی کو بھی ہٹا دیا گیا جبکہ 265 لیٹر غیر موزوں یا ایکسپائرڈ ڈرنکس کو ضائع کر دیا گیا اور 233 کلو گرام فی لیٹر مختلف کم معیار یا خراب شدہ کھانے پینے کی اشیاء ضبط کی گئیں اس دوران ممنوعہ مصنوعات کے 1577 ساشے ضبط کر کے تلف کر دیے گئے۔

کھانے کے معیار کی نگرانی کے لیے مختلف دکانوں سے کھانے کے 34 نمونے حاصل کیے گئے اور لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ٹیسٹ کے نتائج مزید کارروائی کا تعین کریں گے بشمول ملاوٹ شدہ یا غیر محفوظ خوراک فروخت کرنے والے کاروبار کے خلاف ممکنہ قانونی کارروائی۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ تک جاری رہنے والی کارروائیاں دارالحکومت میں خوراک کی حفاظت کو یقینی بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں،صارفین کی صحت کے تحفظ کے لیے آنے والے مہینوں میں باقاعدہ معائنہ، عوامی آگاہی مہم اور قوانین کا سختی سے نفاذ جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جرمانے سے بچنے کے لیے کاروباروں کو درست فوڈ لائسنس حاصل کرنے اور اجزاء، پروڈکشن کی تاریخوں اور ایکسپائری لیبلز کا ریکارڈ برقرار رکھنے کی بھی یاد دہانی کرائی گئی۔آئی ایف اے نے رہائشیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی ہیلپ لائن یا آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے فوڈ سیفٹی کی خلاف ورزیوں کی اطلاع دیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں