اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹی ٹیوشنز (پامی) کے ساتھ مل کر انٹرنیشنل میڈیکل کانفرنس 2024 کے موضوع ’’میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم میں مصنوعی ذہانت ( آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کا انقلابی کردار‘‘ پر گول میز کانفرنس کی میزبانی کی۔ کانفرنس کا مقصد طبی شعبہ میں ماہرین تعلیم، ریسرچرزاور دیگر متعلقین کو ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں وہ طب اور دندان سازی کے شعبے میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی تعلیمی نصاب پر تبادلہ خیال کر سکیں۔
گول میزکانفرنس کا ایجنڈا تعلیم اور تحقیق میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے لئے یونیسکو کی دی گئی ہدایات سے ہم آہنگ تھا۔ کانفرنس میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال، وطیم میڈیکل کالج، رفاہ میڈیکل کالج، ایچ بی ایس میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور واہ میڈیکل کالج سمیت معروف اداروں کے 70سے زائد طبی ماہرین اور پروفیسرز نے شرکت کی۔ اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے چیف ایگزیکٹو اور پامی کی فیڈرل چیپٹر کے صدر یاسر خان نیازی اور کالج کے دیگر سینئر مینجمنٹ کے اراکین نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ چیئرمین آئی ایم ڈی سی ڈاکٹر غلام اکبر خان نیازی گول میز کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔
گول میز کانفرنس کے دوران شرکانے طبی تعلیم اور تحقیق پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے مثبت اثرات کے بارے میں مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی میڈیکل ٹریننگ، بہتر تشخیصی طریقے اور نصاب میں بہتری پرغور و فکر کی۔گول میزکانفرنس میں ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن پروگرام، یونیورسٹی آف لاہور پروفیسر لبنیٰ بیگ اور ڈائریکٹر پروگرام ایویلیویشن اینڈ کوالٹی ایشورنس، یونیورسٹی آف لاہور ڈاکٹر سید حسن شعیب سمیت دیگر مقررین نے شرکت کی ۔
دونوں مقررین نے میڈیسن اور ڈینٹسٹری میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ابھرتے کردار پر بات چیت کی۔ یاسر خان نیازی نےکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ طبی تعلیم میں تکنیکی ترقی کو ترجیح دی ہے، اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے تربیتی ہسپتال، ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال اپنی تشخیصی لیبارٹری میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کو مختلف بیماریوں کی تشخیص کے لئے استعمال کر رہا ہےاور مصنوعی ذہانت پر تحقیقی پراجیکٹس کے ذریعے طبی سہولیات اور تعلیم و تربیت کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔
آئی ایم ڈی سی کمیونیکیشنز کے سربراہ عمران علی غوری نے کہاکہ یہ واضح ہے کہ ہم صحت کی دیکھ بھال میں ایک نئے دور کے دہانے پر ہیں۔ یہ تقریب باہمی تعاون کے ماحول کو فروغ دینے میں ایک بہت بڑا قدم ہے جہاں ماہرین اور محققین طب اور دندان سازی میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی صلاحیت پر غور کریں۔کانفرنس کے اختتام پر یاسر خان نیازی نے پروفیسر لبنیٰ بیگ اور ڈاکٹر سید حسن شعیب کو شیلڈز پیش کیں اور میٹنگ میں ان کے کردار کو سراہا۔