اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں کیرئیر کارنیول

136

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (آئی ایم ڈی سی) کے کیریئر ڈیویلپمنٹ آفس (سی ڈی او)نے "میڈیکل ایکسیلنس کی راہ ہموار کرنے” کے عنوان سے ایک کیریئر کارنیول کا انعقاد کیا جس کا مقصد طلبا ، ہاؤس آفیسرز، پوسٹ گریجویٹ اور میڈیکل آفیسرز کو صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں کیریئر کے مختلف راستے تلاش کرنے میں معاونت فراہم کرنا تھا۔ تقریب میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ آئی ایم ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر خان نیازی، اور پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید عرفان احمد نے بھی طلبا ، گریجویٹس، فیکلٹی، اور منتظمین کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب میں شرکت کی۔

کارنیوال میں طالب علم، معزز فیکلٹی ممبران، ایچ او ڈیز اور کالج انتظامیہ کی بھر پور شرکت نے تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینے میں ایونٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ کیرئیر کارنیول شرکا کے لیے ماہرین کے ساتھ بات چیت کرنے، میڈیکل، ڈینٹل، الائیڈ ہیلتھ سائنسز، آرمی میڈیکل کور، پلیب، یو ایس ایم ایل ای اور ایف سی پی ایس میں طبی کیریئر کے مختلف راستوں کے بارے میں جاننے کا غیر معمولی موقع ثابت ہوا۔

شرکاء نے اس معلوماتی تقریب کے عمدہ انتظامات کو سراہا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے یاسر نیازی نے کیرئیر ڈیولپمنٹ آفس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منفرد شعبہ ہے جو مریضوں کی دیکھ بھال اور طبی تعلیم کے شعبوں میں ترقی کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے اس طرح کی مفید تقریبات کے ذریعے طلبا کو ان کے روشن مستقبل کے لیے بہترین ممکنہ رہنمائی فراہم کرنے کے لیے کالج کے عزم کا اظہار کیا۔کالج کے کمیونیکیشن کے سربراہ عمران علی غوری نے صحافیوں کو بتایا کہ کالج کیرئیر کارنیول جیسی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گا، جس میں طلباء کی پیشہ ورانہ رہنمائی اور مدد فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ڈی سی کا کارنیول بلاشبہ تمام شرکاء کے لیے نہایت اہم معلومات حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طبی ماہرین کی شرکت کی وجہ سے اس طرح کی تقریبات طلبہ کی کامیابی کی راہ ہموار کرنے اور انکو صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔