23.8 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومقومی خبریںاسلام آباد میں انڈرپاسز کی تعمیر، فیصل مسجد چوک کی ری ڈیزائننگ،...

اسلام آباد میں انڈرپاسز کی تعمیر، فیصل مسجد چوک کی ری ڈیزائننگ، ٹریفک پولیس کے لیے علیحدہ کیڈر، پارکنگ چارجز کا نفاذ ہوگا ، وزیر داخلہ محسن نقوی

- Advertisement -

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی دارالحکومت کے 10 مقام پر پارکنگ فیس نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلیو ایریا میں بند پارکنگ پلازہ پر دوبارہ فعال کیا جائے گا، باقی مقامات پر بھی پارکنگ کے مسائل حل کیے جائیں گے ، ٹریفک کی روانی کے لئے فیصل مسجد چوک کی ری ڈیزائننگ کی جائے گی، وزیراعظم ٹریفک پولیس جوانوں کے لئے ٹریفک کیڈر کا اعلان کریں ۔

وہ جمعرات کو یہاں جناح سکوائر انڈر پاسنگ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی سے اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح اسکوائر انڈر پاس 65 کی بجائے 35 دنوں میں مکمل کیا جائے گا، تکمیل کے بعد ہم دوبارہ وزیراعظم کو افتتاح کی دعوت دیں گے ۔محسن نقوی نے بتایا کہ فیصل مسجد چوک، جہاں روزانہ ٹریفک کا شدید دباؤ رہتا ہے، کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی جا چکی ہے اور چند روز میں اس کا حتمی خاکہ پیش کیا جائے گا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ یہ چوک شہر کے مرکز میں واقع ہے اور شام کے اوقات میں خاص طور پر ٹریفک کا شدید مسئلہ درپیش ہوتا ہے، جس کے مستقل حل کے لیے ہم پرعزم ہیں۔وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کے ٹریفک کیڈر کی کمی کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے قیام سے لے کر آج تک کوئی باقاعدہ ٹریفک کیڈر موجود نہیں۔ ایک ہی اہلکار کبھی لاء اینڈ آرڈر کی ڈیوٹی پر ہوتا ہے اور اگلے دن ٹریفک کنٹرول کر رہا ہوتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ کم از کم 700 اہلکاروں پر مشتمل علیحدہ ٹریفک پولیس کیڈر قائم کیا جائے تاکہ ٹریفک قوانین کے اطلاق میں بہتری آ سکے۔

محسن نقوی نے پارکنگ کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کمرشل علاقوں میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے باعث ٹریفک کا دباؤ بڑھا ہے۔ اس حوالے سے ایک جامع منصوبہ سی ڈی اے کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ بلو ایریا میں بند پڑے پارکنگ پلازہ کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے، اور 8 سے 10 مقامات پر پارکنگ چارجز متعارف کرائے جا رہے ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں اضافہ خوش آئند ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ مربوط ٹریفک مینجمنٹ بھی وقت کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے اسلام آباد نہ صرف زیادہ خوبصورت بنے گا بلکہ شہریوں کو سہولت بھی میسر آئے گی۔آخر میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اسلام آباد کی ترقی اور بہتری کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور آئندہ دنوں میں اس کے مزید مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583458

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں