اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد سی ڈی اے نے ہنگامی آپریشن شروع کر دیا

28
Chairman CDA

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں ہفتہ کی رات ہونے والی شدید بارش اور طوفان باد و باراں کے فوری ردعمل میں سڑکوں کو صاف کرنے، ٹریفک کی بحالی اور موسم سے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے شہر بھر میں ہنگامی آپریشن شروع کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر زمینی صورتحال کی نگرانی کی۔ طوفان کے بعد سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی تمام فیلڈ ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہوگئیں۔

سی ڈی اے کے ترجمان نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ تمام متعلقہ شعبوں کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور مدد فراہم کریں۔ سی ڈی اے کے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ، انوائرنمنٹ اینڈ سینی ٹیشن ونگز، روڈ اینڈ مینٹیننس ڈویژن، اسلام آباد واٹر ایجنسی، اور بلڈنگ کنٹرول سیکشن سمیت متعدد محکموں کو گرے ہوئے درختوں، اور ملبے کو ہٹانے اور سڑکوں سے پانی کے ساتھ بہہ کر آنے والے ملبہ اور کچرے کو ہٹانے کے لیے تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس کا مقصد عام ٹریفک کی روانی کو جلد از جلد بحال کرنا ہے۔ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، ساتھ ہی بڑے پیمانے پر درخت گرنے سے سڑکیں بند ہو گئیں۔ فوری ردعمل کے طور پر مشینری اور افرادی قوت کو پورے دارالحکومت میں متحرک کر دیا گیا، برساتی نالوں ، انڈر پاسز اور اہم سڑکوں کو صاف کرنے کے لیے تعینات کیا گیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ حساس علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنانے اور پانی جمع ہونے سے روکنے کے لیے ایک خصوصی نگرانی کا نظام فعال کیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس نے بھی گاڑیوں کو بحال کرنے اور نقل و حرکت کو ہموار رکھنے کے لیے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ سڑکوں کی صفائی کا کام جاری رہا۔ سی ڈی اے کے چیئرمین نے یقین دلایا کہ مشترکہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام متاثرہ علاقوں کو کلیئر نہیں کر دیا جاتا اور حالات مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتے۔