اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ قومی وزارتِ صحت انٹیگرل گلوبل کے اشتراک سے اسلام آباد میں نظامِ صحت کو ایک ماڈل ہیلتھ سٹی بنانے کی خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں انٹیگرل گلوبل کے ڈائریکٹر نبیل احمد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزارت قومی صحت کے مطابق ملاقات کے دوران صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر مختار بھرتھ نے وزیرِ اعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام میں انٹیگرل گلوبل کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی وزارتِ صحت انٹیگرل گلوبل کے اشتراک سے اسلام آباد میں نظامِ صحت کو ایک ماڈل ہیلتھ سٹی بنانے کی خواہاں ہے۔ مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے نظامِ صحت کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اس حوالہ سے مالیاتی پہلوؤں پر تبادلہ خیال اور قومی و صوبائی سطح پر عملدرآمد کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انٹیگرل گلوبل کے ڈائریکٹر نبیل احمد نے وفاقی کو بتایا کہ انٹیگرل گلوبل صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اپنی شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ واٹر، سینیٹیشن اور ہائجین کے اصولوں کے فروغ میں تنظیم کا تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے انٹیگرل گلوبل کے پاکستان میں جاری منصوبوں کے بارے میں بھی وفاقی وزیرِ صحت کو آگاہ کیا اور کہا کہ گزشتہ چند سال سے یہ ادارہ پاکستان میں صحتِ عامہ کی بہتری کے لیے سرگرمِ عمل ہے، قومی وزارتِ صحت اور سی ڈی اے کے تعاون سے انٹیگرل گلوبل پاکستان میں صحت مند اور صاف ستھری کمیونٹیز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر، سینی ٹیشن اور حفظانِ صحت کی مہم نے پسماندہ کمیونٹیز اور سکولوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔