اسلام آباد میں پانی کی بلا تعطل سپلائی کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان کی میڈیا سے گفتگو

71
سیکٹر ای 12 میں ترقیاتی کام تیز کردیا گیا ہے ، اتھارٹی نے متاثرین زمین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ شروع کر دی ہے، معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پانی کی بلا تعطل سپلائی کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں، پونا فقیراں کے ٹیوب ویلز کے لئے سپر فیڈر 24 گھنٹے بجلی فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پونا فقیراں کے لیے خصوصی سپر فیڈر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین کا احتساب اس لیے لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہا کیوں کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اپنے لوگوں کےخلاف کارروائی کرنے کا رواج ہی نہیں تھا ، پاکستان تحریک انصاف نے پہلےعبدالعلیم خان کے خلاف کارروائی کی وہ 3 ماہ تک حراست میں رہے اور اب جہانگیر ترین کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے اور یہی وہ تبدیلی ہے جس کا نعرہ تحریک انصاف لے کر آئی ہے۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ پانی کی کمی اسلام آباد کا بڑا مسئلہ ہے اور ہم اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی شہر میں پانی کی بہتری کے لیے کوششیں کر رہے تھے اور آج بھی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ ہفتے راول ڈیم سے 2 ایم جی ڈی پانی کی اسلام آباد کو فراہمی کا افتتاح کیا اورآج پونا فقیراں کے لیے خصوصی سُپر فیڈرکا افتتاح کیا ہے جس سے پونا فقیراں کے ٹیوب ویلز کے لیے بلا تعطل بجلی فراہم ہوگی اور اسلام آباد کے سیکٹرزآئی ٹین، آئی نائن اور جی الیون کو 24 گھنٹے پانی کی ترسیل ہوسکے گی اورلوگوں کو اس رمضان اور آنے والے موسمِ گرما میں ذہنی تنائو سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جڑواں شہروں سے پانی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے کام کر رہے ہیں اور غازی بروتھا سے 100 ایم جی ڈی پانی اسلام آباد کے لیے لانے کا منصوبہ شروع ہو چکا ہے اور ایف ڈبلیو او کے ساتھ اس سلسلے میں ابتدائی کام مکمل ہو چکا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے استعفے حکومت کے لیے ایٹم بم ثابت ہوں گے لیکن میرے خیال میں یہ دنیا کا پہلا ایٹم بم ہے جو پی ڈی ایم کے گھر میں ہی پھٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس کوئی نظریہ نہیں تھا یہ محض اپنی چوریاں چھپانے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے اور اب یہ اتحاد اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ یہ احتجاج سے عوام کا وقت ضائع کر رہے تھے ہم اپنا کام کرتے جا رہے ہیں، پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے ٹیکسٹائل کی صنعت میں ترقی ہو رہی ہے، کسان کو اپنی فصلوں کی ریکارڈ قیمت مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد مہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔