25.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومعلاقائی خبریںاسلام آباد میں پولیس ناکے پر فائرنگ، دو حملہ آور زخمی حالت...

اسلام آباد میں پولیس ناکے پر فائرنگ، دو حملہ آور زخمی حالت میں گرفتار

- Advertisement -

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں پولیس ناکے پر فائرنگ کے واقعے میں دو مشتبہ افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق پانچ افراد دو موٹرسائیکلوں پر سوار تھے، جنہیں معمول کی چیکنگ کے دوران رکنے کا اشارہ کیا گیا مگر انہوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔پولیس اہلکاروں نے حفاظتی تدابیر اور بلٹ پروف جیکٹس کی بدولت خود کو محفوظ رکھا۔

جوابی فائرنگ میں دو حملہ آور، فرزند علی اور راحد زخمی ہوئے اور موقع پر ہی گرفتار کر لیے گئے۔ گرفتار ملزمان ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں پہلے سے مطلوب تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق انہوں نے شام کے وقت ایک شہری سے موٹرسائیکل اور موبائل فون اسلحہ کے زور پر چھینے تھے۔تین ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

- Advertisement -

ایس پی زون سوان نے پولیس پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتنے کا اعلان کیا اور کھنہ پولیس کی جرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ باقی مفروروں کو بھی جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ایس ایچ او کھنہ عامر حیات نے اے پی پی کو بتایا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کی جس سے اہلکاروں کی جانیں بچیں اور دو حملہ آور گرفتار ہوئے،زخمی ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھی بھی جلد گرفتار کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،شہریوں اور سماجی حلقوں نے پولیس کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور عبرت کا نشان بنایا جائے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں