اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام پہلی نیشنل پی ایس بی باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ 2025 گزشتہ روز اسلام آباد کے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جوش و خروش سے منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے آئے 122 کھلاڑیوں نے 23 مختلف کیٹیگریز میں بھرپور شرکت کی۔
سینئر، جونیئر، ماسٹر، ایتھلیٹک فزیک اور سپورٹس فزیک کی کیٹیگریز میں مقابلے منعقد ہوئے، جن کا باریک بینی سے جائزہ ورلڈ باڈی بلڈنگ فیڈریشن، ایشین باڈی بلڈنگ فیڈریشن اور صوبوں سے آئے ماہر ججز پر مشتمل جیوری نے لیا۔ مقابلوں کے اختتام پر مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 8 کھلاڑیوں جن میں اعجاز احمد، فراصت علی، محسن اقبال، محمد شکیل، بلال احمد، اسامہ سعید، ہارون رشید اور فیضان گل شامل تھے کو رواں سال ہونے والی 57ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک سپورٹس چیمپئن شپ 2025 کے لیے منتخب کر لیا گیا۔
چیمپئن شپ کے مہمانِ خصوصی پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سہیل انور تھے جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سعید اختر، اراکین نصراللہ رانا، فرمان خان، سہیل گل اور معروف نیوٹریشن ایکسپرٹ ڈاکٹر نبیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سہیل انور نے چیمپئن شپ اور پہلے اینٹی ڈوپنگ آگاہی سیمینار کے کامیاب انعقاد میں تعاون پر پاکستان سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ باڈی بلڈنگ کے کھیل کو قومی سطح پر فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور ہماری کارکردگی خود گواہی دے گی۔