
اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کے قیام کے لئے 3,406.169 ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔ پلاننگ کمیشن کےحکام کے مطابق موجودہ حکومت وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو صحت کے حوالے سے بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
حکومت نے اس حوالے سے سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 3,406.169 ملین روپے کی لاگت سے آئی سی ٹی (نظر ثانی شدہ) میں کینسر ہسپتال کے قیام کی بھی منظوری دی۔ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن اس منصوبے کی سرپرستی کرے گی۔ اس منصوبے میں مختلف اقسام کے کینسر میں مبتلامریضوں کے اندرونی داخلے کے لیے 200 بستروں پر مشتمل جدید ترین ہسپتال کا قیام شامل ہے۔
بیڈز کی تقسیم میں بالغ آنکولوجی کے لیے 75، خواتین کے آنکولوجی کے لیے 25، آئی سی یو کے لیے 25، پرائیویٹ کے لیے 30 اور ایمرجنسی کے لیے 20 بستر شامل ہیں۔