اسلام آباد میں 7 روزہ انسدادپولیو مہم کامیابی سے اختتام پذیر، 5 لاکھ سے زائدبچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے

126
Anti-polio campaign
Anti-polio campaign

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):اسلام آباد میں 7 روزہ انسدادپولیو مہم کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ اتوار کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انسدادپولیو مہم 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری رہی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت انسدادپولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی جانب سے 5 لاکھ 6 ہزار 772 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے،پولیو ٹیموں کی جانب سے 110 فیصد ہدف حاصل کیا گیا۔

اجلاس میں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں انکاری کیسز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام انکاری کیسز کو تسلی سے سنا گیا اور مطمئن کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہا،پولیو ورکرز نے بطور ٹیم قومی مہم کو کامیاب بنایا،پولیو ورکرز کی پولیو کے خاتمے میں خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔