اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) اور وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے تحت ہری کہانی ویک کا آغاز آگاہی اور شجرکاری تقریب کے ساتھ ٹریل 5 وزیٹر انفارمیشن سینٹر مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ہوا۔ تقریب میں سول سوسائٹی کے رضاکاروں اور مقامی سکولوں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی تاکہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیداری کے فروغ کے لئے …
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے تحت ہری کہانی ویک کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) اور وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے تحت ہری کہانی ویک کا آغاز آگاہی اور شجرکاری تقریب کے ساتھ ٹریل 5 وزیٹر انفارمیشن سینٹر مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ہوا۔
تقریب میں سول سوسائٹی کے رضاکاروں اور مقامی سکولوں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی تاکہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیداری کے فروغ کے لئے اجتماعی کوششیں کی جا سکیں۔ طلبہ کو مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی حیاتیاتی تنوع اور وزیرِاعظم کے منصوبے ایک بیٹی ایک شجر کی اہمیت بارے آگاہ کیا گیا جو ہری کہانی ویک کے مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔فیڈرل گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول، سیدپور کے 45 طلبہ اور عملہ ،بہبود انگلش میڈیم پرائمری و سیکنڈری سکول، سیدپور کے 50 طلبہ اور عملہ نے تقریب میں شرکت کی۔
پارک کے مختلف حصوں میں تقریباً 500 سیڈ بال پھینکے گئے تاکہ قدرتی طریقے سے پودوں کی افزائش ہو سکے۔200 پودے شرکاء میں تقسیم کئے گئے تاکہ شجرکاری کو فروغ دیا جا سکے۔طلبہ کو موسمیاتی تبدیلی، حیاتیاتی تنوع اور مارگلہ ہلز کے تحفظ کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
سیڈ بال بنانے، درختوں کی شناخت اور شجرکاری کے عمل میں طلبہ کو شامل کیا گیا تاکہ اُن میں ماحولیاتی ذمہ داری کا احساس بیدار ہو۔تقریب میں وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی و ہم آہنگی کے افسران بشمول پروین اعجاز اور افراسیاب (اے آئی جی فارسٹ وِنگ) نے شرکت کی ۔
انہوں نے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ درخت لگانا موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحولیاتی توازن کی بحالی کے لئے نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے طلبہ کی شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنا ہی دیرپا پائیدار مستقبل کی ضمانت ہے۔
تقریب میں تقریباً 150 افراد جن میں طلبہ، سول سوسائٹی کے رضاکار اور آئی ڈبلیو ایم بی کا عملہ شامل تھا، سرگرمیوں میں شریک ہوئے۔
چیئرپرسن اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ عائشہ حمیرا چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ماحول کا تحفظ محض ذمہ داری ہی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے اخلاقی فریضہ ہے، شجرکاری ہماری سب سے بڑی طاقت ہے جس کے ذریعے ہم موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ، حیاتیاتی تنوع کی بحالی اور پاکستان کو مزید سرسبز و شاداب بنا سکتے ہیں۔
ہری کہانی ویک اور ایک بیٹی ایک شجر جیسے اقدامات کے ذریعے ہم صرف درخت نہیں لگا رہے بلکہ اُمید بو رہے ہیں، آج طلبہ کی بھرپور شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ہمارے نوجوان ماحولیاتی مستقبل کی حفاظت کے لئے پُرجوش اور پُرعزم ہیں۔اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ آگاہی مہمات، کمیونٹی شمولیت اور عملی اقدامات کے ذریعے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے قدرتی ورثے کے تحفظ کے لئے پُرعزم ہے۔








