ایف ڈی اے میں مالیاتی نظم و ضبط اور ریونیو وصولیوں کے نظام کو مزید شفاف و مؤثر بنانے کے لیے سخت ترین مانیٹرنگ جاری ہے، قیصر عباس رند

ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ادارے میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ریونیو وصولیوں کے نظام کو مزید شفاف و مؤثر بنانے کے لیے سخت ترین مانیٹرنگ جاری ہے، اس مقصد کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جا رہا ہے

فیصل آباد۔ 22 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ادارے میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ریونیو وصولیوں کے نظام کو مزید شفاف و مؤثر بنانے کے لیے سخت ترین مانیٹرنگ جاری ہے، اس مقصد کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ یہ بات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں شعبہ فنانس، آئی ٹی اور ریکوری سے متعلق افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایف ڈی اے کی آمدن و اخراجات، مختلف مدات میں ریونیو کی وصولیوں، واجبات کی ریکوری اور مالی معاملات سے متعلق ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت مختلف واجبات کی وصولیوں، ادائیگیوں اور اندراجات کے ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام مالی امور میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ ریکارڈ ہر لحاظ سے اپ ڈیٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مالی معاملات میں کسی قسم کی غفلت، غیر ضروری تاخیر یا ریکارڈ میں ابہام قابل قبول نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریونیو وصولیوں کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے تاکہ مالی معاملات کی مؤثر نگرانی، بروقت ریکارڈنگ اور واجبات کی وصولی کے عمل میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریکوری کے اہداف کے حصول کے لیے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیں اور بقایا جات کی وصولی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سے مختلف سروسز کے حصول کے لیے درخواست گزاروں کو آن لائن ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچایا جا سکے اور ڈیجیٹل ادائیگی کے ذریعے دفتری کارروائی کو تیز تر بنایا جا سکے۔ اس ضمن میں درخواست گزاروں کو بروقت معلومات اور ضروری معاونت فراہم کرکے انہیں فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ ایف ڈی اے میں کاغذی کارروائی کم کرکے ڈیجیٹل اور آن لائن نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف دفتری امور میں تیزی آئے گی بلکہ مالیاتی معاملات میں شفافیت، جوابدہی اور ریکارڈ کی درستگی بھی بہتر ہوگی۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مالیاتی نظام کو مزید مربوط بنایا جائے اور تمام متعلقہ شعبوں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو کی بروقت وصولی ادارے کی مالی خود انحصاری کے لیے انتہائی اہم ہے، لہٰذا واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی سستی یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔قیصر عباس رند نے اس امر پر زور دیا کہ مالی معاملات میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سروسز میں آسانی، رفتار اور سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جدید نظام کے ذریعے مالی معاملات کی مسلسل مانیٹرنگ، درست ڈیٹا کی دستیابی اور بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے۔