اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کا وفاقی دارالحکومت میں عاشورہ محرم الحرام کیلئے ٹریفک پلان جاری

60
Islamabad Traffic Police
Islamabad Traffic Police

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی )نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9ویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے دوران گاڑیوں کی ہموار نقل و حرکت اور عوام کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے ۔ اسلام آباد پولیس حکام نے کہا ہے کہ جلوس اپنے مقررہ راستے سے گزرے گا اور اس دوران کئی سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی تاکہ عوام کی حفاظت اور جلوس کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فضل حق روڈ پولی کلینک سے کلثوم پلازہ تک ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند رہے گا۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کلثوم پلازہ سے چائنہ چوک تک جناح ایونیو کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ دامن کوہ چوک سے چاند تارا چوک تک سیونتھ ایونیو، بشمول بلیو ایریا کے دونوں لوپس کو بھی دونوں سمتوں میں بند کر دیا جائے گا۔ مسافر متبادل اختیارات کے طور پر جناح ایونیو، سہروردی روڈ، فیصل ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر روڈ اقبال ہال سے میلوڈی چوک تک دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔ شہری آبپارہ اور سہروردی روڈ کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لال مسجد سے شہدا چوک اور جی پی او چوک تک میونسپل روڈ بند رہے گی، جبکہ شہید ملت روڈ کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولی کلینک سے اقبال ہال تک لقمان حکیم روڈ کو بھی جلوس کے دوران بند کر دیا جائے گا اور جناح ایونیو متبادل سڑک کے طور پر دستیاب ہو گا۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن سید ذیشان حیدر نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ جلوس کے راستوں کے قریب غیر قانونی پارکنگ سے گریز کریں اور صرف مخصوص پارکنگ ایریاز استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو شہریوں کی رہنمائی اور ٹریفک کی روانی کو آسان بنانے کے لیے راستوں پر تعینات کیا جائے گا۔سی ٹی او نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور جلوس کے دوران متبادل راستوں کا استعمال کریں۔