اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس ایجوکیشن ونگ اور نسٹ یونیورسٹی کی طالبات رضاکاروں نے کم عمر ڈرائیورز،بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اوردیگر ٹریفک قوا نین اور روڈ سیفٹی سے متعلق شہریوں کو خصوصی آگاہی فراہم کی۔ پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس ایجوکیشن ونگ نے نسٹ یونیورسٹی کی طالبات رضاکاروں کے ہمراہ کم عمر ڈرائیورز،بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اوردیگر ٹریفک قوا نین اور روڈ سیفٹی سے متعلق شہریوں کو خصوصی آگاہی فراہم کی۔
مہم کا بنیادی مقصد وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ٹریفک قوانین پر عملدارآمد کو یقینی بناناہےتاکہ حادثات پر قابو پایا جا سکے، مہم سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ سید ذیشان حیدر نے تمام زونل ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کی ہیں اور خصوصی دستے بھی تشکیل دئیے ہیں جو اسلام آباد کی مختلف اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات میں کم عمر ڈرائیورز،لین کی خلاف ورزی،سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنے،بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور دیگرٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سخت قانونی کارروائی کے ساتھ شہریوں کوٹریفک قوانین اورروڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں۔
اس ضمن میں اسلام آباد ٹریفک پولیس آگاہی ونگ کی جانب سے آگاہی پمفلٹ بھی شہریوں کو دئیے جا رہے ہیں ، مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ورکشاپس اور سیمینارز منعقد کر کے طلبا ءکوبھی روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ سی ٹی او اسلام آبادنے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں، قانون کی پاسداری کرتے ہوئے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے باز رکھیں تاکہ قیمتی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے،وفاقی دالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور مربوط ٹریفک کا نظام اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔