اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس کاوفاقی دارلحکومت میں شاپنگ مالز، تجارتی مراکز، مارکیٹس اور بڑی شاہرائو ںمیں غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کریک ڈائون کے دوران متعدد گاڑیوں کو خلاف ورزی پر چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک کے بہائو کو برقرار رکھنے ، مربوط ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر کرنے اورٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات جار ی ہیں،
اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کا نو پارکنگ اورفٹ باتھ پر غیر قانونی پارکنگ کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف بلا تفریق کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے شاپنگ مالز،مارکیٹس، تجارتی مراکز اور بڑی شاہراہوں میں غیر قانونی پارکنگ کیخلاف کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے اسپیشل سکواڈ بھی تشکیل دئیے ہیں، جنہوں نے بلاتفریق کارروائیاں کرتے ہوئے چالان ٹکٹس جاری کئے اورگاڑیوں کو مختلف تھانہ جات میں بند بھی کیا۔
چیف ٹریفک آفیسراسلام آبادمحمد سرفراز ورک نے تمام زونل ڈی ایس پیز کو خصوصی طورپرہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو کم کرنے کے لئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ بننے والے عناصر خصوصاً جو ٹریفک ڈسپلن کو متاثر کرتے ہیں ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو مزید سخت اور موثر بنایا جائے۔
شاپنگ سنٹرز میں پارکنگ کے لئے مختص جگہ پر پارکنگ کو یقینی بناتے ہوئے نوپارکنگ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو رعایت نہ دی جائے،فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کا حق ہے فٹ پاتھ پر کسی قسم کی پارکنگ یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی،شاپنگ سنٹرز میں آنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی
،شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اسلام آبادپولیس سے تعاون کریں تاکہ شہر میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقرار رکھتے ہوئے حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔