اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی)نے ہفتہ کے روز مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ آئی ٹی پی کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے بس ٹرمینلز پر خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں جن میں فیض آباد، منڈی موڑ، کراچی کمپنی اور 26 نمبر چونگی بس ٹرمینلز شامل ہیں تاکہ کرایوں کے ضوابط کی تعمیل کی نگرانی کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس افسران نے گاڑیوں کے کرایوں کی فہرستوں کا معائنہ کیا اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی۔ متعدد ٹرانسپورٹرز کو چالان کے ٹکٹ جاری کیے گئے اور مسافروں سے وصول کی گئی اضافی رقم بھی واپس کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرایہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے زائد چارجنگ یا نامناسب رویے کی اطلاع ITP ہیلپ لائن 1915 پر دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577207