اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور دورانِ سفر پیش آنے والی مشکلات کے فوری حل کے لئے "مکینک آن ویلز” سروس کو فعال کر دیا ہے، یہ سروس کسی بھی ہنگامی صورتِحال میں گاڑی یا موٹر سائیکل کے خراب ہونے پر شہریوں کو موقع پر ہی مفت تکنیکی امداد فراہم کر رہی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولت فراہم کرنے، شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور حادثات سے بچاؤ کے لئے دن رات مصروف عمل ہے، اس مقصد کے لئے متعارف کرائی گئی "مکینک آن ویلز”سروس پیشہ ور مکینکس پر مشتمل ٹیم کے ذریعے شہریوں کو فوری مدد فراہم کرتی ہے۔
گاڑی کے اچانک بند ہو جانے، ٹائر پنکچر ہونے، بیٹری ڈاؤن یا کسی دیگر فنی خرابی کی صورت میں شہری ہیلپ لائن 1915 پر کال کر کے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ کال موصول ہونے پر مکینکس فوری طور پر مقررہ مقام پر پہنچ کر ابتدائی فنی امداد فراہم کرتے ہیں تاکہ شہری بغیر کسی بڑی پریشانی کے اپنا سفر جاری رکھ سکیں۔چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ یہ سہولت شہریوں کے لئے بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتِحال میں ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار-15 پر رابطہ کریں اور دورانِ سفر ٹریفک کے قوانین و حفاظتی اصولوں پر عمل کو یقینی بنائیں تاکہ وفاقی دارالحکومت میں مربوط ٹریفک نظام قائم رکھا جا سکے۔