اسلام آباد ٹریفک پولیس کے شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے سمیت شہریوں کے محفوظ سفر کےلئے اقدامات

2

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے سمیت شہریوں کے محفوظ سفر کےلئے موثراقدامات کئے ہیں۔رواں سال کے دوران 1664دھواں چھوڑنے اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی،ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی دستے تمام بس اڈوں اور دیگر مقامات پر تعینات ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آبادکیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے سمیت شہریوں کے محفوظ سفر کےلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔اس سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے رواں سال کے دوران 1664دھواں چھوڑنے اورفٹنس سرٹیفکیٹس نہ رکھنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں ۔ اس ضمن میں تمام زونل ڈی ایس پیز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں

اورخصوصی دستوں کو مزید فعال کردیا گیاہے جو اسلام آباد کے اہم مقامات اور شاہراہوں پر تعینات ہیں،یہ دستے متعلقہ گاڑیوں کے خلاف بلاامتیازقانونی کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد سید ذیشان حیدر نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں انسانی صحت کے لئے خطرناک ہونے سمیت شہریوں کے لئے وبال جان ہیں ان کے خلاف کارروائی کرکے وفاقی دارالحکومت کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام پبلک سروس گاڑیاں جن کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹس موجود نہیں ہوں گے ان کے خلاف سخت ترین کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی کیونکہ یہ نہ صرف معصوم شہریوں کی جانوں کیلئے باعث خطرہ ہیں بلکہ ٹریفک کی مربوط روانی میں بھی خلل پیداکرنے کا سبب ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے میں اسلام آباد پولیس کی مدد کریں اورکسی بھی ایمرجنسی کے متعلق ہیلپ لائن پکار 15- پراطلاع دیں۔