اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ہفتہ وار بازاروں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لئے خصوصی انتظامات اٹھائے ہیں۔اتوار کو یہاں جاری بیان کے مطابق ڈی ایس پی انڈسٹریل ایریا عبدالحفیظ نے بازار ڈیوٹی پر مامور ٹریفک اہلکاروں کو بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ہفتہ وار بازاروں میں خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ آئی ٹی پی کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے بازاروں کے اطراف موثر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
ہفتہ وار بازاروں میں شہریوں کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جو پارکنگ، ٹریفک کنٹرول اور ہدایت نامہ پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں صرف مختص کردہ پارکنگ ایریاز میں پارک کریں اور ڈبل پارکنگ سے اجتناب کریں، تاکہ نہ صرف اپنی سہولت کو یقینی بنائیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی آمد و رفت میں آسانی پیدا کریں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کے تعاون کو سراہتی ہے۔ عوام الناس ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے قانون کا احترام کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں گے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کا مقصد محفوظ، رواں اور آسان ٹریفک ماحول فراہم کرنا ہے۔شہری کسی بھی شکایت یا رہنمائی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں.
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588403