اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسلام آباد شہر میں صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے شہریوں کے بہترین مفاد میں ان کو مطلع کیا ہے کہ اسلام آباد ٹیرٹری سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ونگ ریگولشنز 2023 پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے اس حوالے سے اسلام آباد کی حدود بالخصوص گلیوں، گرین بیلٹس، آبی گذرگاہوں یا عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کے فضلے بشمول کوڑا کرکٹ، عمارتی ملبہ یا میٹریل پھینکنے کی سخت ممانعت ہے۔
ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد ٹیرٹری سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ونگ ریگولشنز 2023 کے تحت دوران سفر گاڑیوں سے شاہراہوں پر شاپنگ بیگ اور کوڑا کرکٹ پھینکنے سے بھی گریز کیاجائے جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔اسی طرح گلیوں، شاہراہوں اور عوامی مقامات پر آبی اخراج، نکاسی آب سمیت کوڑا کرکٹ یا کسی بھی سالڈ ویسٹ وغیرہ کو آگ لگانا،علاوہ ازیں اسلام آباد ٹیرٹری سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ونگ ریگولشنز 2023 کی شق 22 کے تحت یا اس سے ملتا جلتا کوئی بھی عمل قانون کے خلاف ہے.
واضح رہے اس ضمن میں اسلام آباد کے تمام رہائشیوں، ہاؤسنگ سوسائٹیز، پرائیویٹ اور سرکاری اداروں کو بھی مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ اور کچرا مختص کچرا دانوں میں ہی پھنکیں۔اس سلسلے میں مزید کوئی نوٹس جاری کئے بغیر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اسلام آباد ٹیرٹری سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ونگ ریگولشنز 2023 کے تحت قانونی کارروائی کےعلاوہ جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر شہریوں کی سہولیات کے پیش نظر ہیلپ لائن نمبرز 1334 اور 9213908 سمیت واٹس ایپ نمبر 5001213-0335 بھی جاری کردئیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو انکے گھر کی دہلیز پر ممکنہ سہولیات فراہم کر سکے۔ سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے وہ اسلام آباد شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ایک مہذب شہری ہونے کا ثبوت ادا کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581077