اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس سکیورٹی ڈویژن نے رواں سال ایس سی او کانفرنس سمیت قومی اسمبلی کے31،سینٹ کے 17 ،مشرکہ سیشنزکے04 اور ان کیمرہ بریفنگ سمیت 903 قومی و بین الاقوامی کانفرنسز اورتقریبات کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا۔ اسی کے ساتھ وفاقی دارلحکومت میں مقیم چینی شہریوں کی حفاظت اور سفارتکاروں کیلئے کیسکیڈ خدمت مرکز کے قیام جیسے متعدد نئے اصلاحات کو عملی جامعہ بھی پہنایا۔ہفتہ کو ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد پولیس سکیورٹی ڈویژن میں سال 2024کے دوران متعدد نئی اصلاحات عمل میں لائی گئیں،جن میں بین الاقوامی سفارت خانوں ،سفارت کاروں اور اداروں کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے ڈپلومیٹک انکلیو کے چاروں اطراف حفاظتی دیوار کی تعمیر ، دیوار پر برقی تار
جدید کیمرہ جات کے ذریعے موثر سرویلنس کو یقینی بنانے کیلئے سیف سٹی کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا،ڈپلو میٹک انکلیو میں داخل ہونے والے افراد کا جدید تکنیک کے حامل ٹیبلٹس کے ذریعے اندارج ، باڈی وارن کیمرہ جات اور ہائی سکیورٹی زون میں آہنی دروازوں کی تنصیب بھی شامل ہے، ڈپلومیٹس کمیونٹی کے لئے ڈپلومیٹک انکلیو میں ایک چھت کے تلے پولیس سے متعلق تمام سہولیات سے آراستہ عالمی معیار کے عین مطابق کیسکیڈخدمت مرکز کا قیام بھی عمل میں لایا گیاجو 24/7 درخواست دہندگان کو سہولیات مہیا کررہا ہے۔ وفاقی دارلحکومت میں مقیم چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو فعال کیا گیا جس میں 415نوجوان پولیس افسران کوچینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے تعینات کیا گیا ہے
جو اپنے فرائض منصبی پیشہ وارانہ انداز میں سرانجام دے رہے ہیں، چینی شہریوں کو سکیورٹی کے امور کے متعلق درپیش مشکلات کے بروقت حل کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ انکی فوری دادرسی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اسلام آباد پولیس نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں اورشہریوں کیلئے خصوصی کمیونٹی ہارس رائینڈنگ سکول اور پولیس افسران کی ویلفیئر کیلئے ڈپلومیٹک ڈائیگناسٹک سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جہاں پر پولیس افسران کم نرخوں پر طبی سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔ سال 2024میں اسلام آباد پولیس سکیورٹی ڈویژن نے ایس سی او کانفرنس کے دوران بین الاقوامی وفود کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی اوردوران لاءاینڈ آرڈر ہائی سیکورٹی زون کی حفاظت اور امن و امان کو برقرار کھنے کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا۔
اسی کے ساتھ سال 2024میں سکیورٹی ڈویژن نے قومی اسمبلی کے31،سینٹ کے 17 ،مشرکہ سیشنزکے04 اور ان کیمرہ بریفنگ سمیت 903 قومی و بین الاقوامی کانفرنسز اورتقریبات کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایاجبکہ سکیورٹی ڈویژن پولیس افسران نے15وی وی آئی پی بین الاقوامی وفود کی آمدورفت کے دوران بھی بہترین سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے ۔ ڈی آئی جی سکیورٹی جواد طارق نے کہاکہ اسلام آباد پولیس سکیورٹی ڈویژن کو تفویض کردہ ذمہ داریاں انتہائی اہم نوعیت کی حامل ہوتی ہیں،جن میں غیرملکی سفارتکاروں،ججزسمیت تمام سفارت خانوں اور ہائی سکیورٹی زون میں واقع سرکاری و نجی دفاتر کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں شامل ہیں ،جن کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس اپنے فرائض منصبی پیشہ وارانہ انداز میں سرانجام دے رہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس غیرملکی مہانوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بر وئے کار لارہی ہے اورملکی وقار اور تشخص کوبرقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔