اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے لیے ایک بڑے سیکیورٹی خطرے کو ٹالتے ہوئے اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات کی ایک بڑی کھیپ قبضے میں لے لی۔ہفتہ کوسینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز اینڈ انویسٹی گیشن ارسلان شاہ زیب نے تھانہ ترنول میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے خیبرپختونخوا سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات اسلام آباد لے جانے کی کوشش کرنے والی ایک مشکوک گاڑی کو روک لیا۔پکڑی گئی اشیاء میں 168 گلک پستول، 69 بیریٹا پستول، 19 تیس بور پستول، 15 ماکاروف پستول، ایک 32 بور پستول، چار MP-5 کاربائن، 10 بارہ بور کی شاٹ گن، دو ڈبل بیرل شاٹ گنیں ، تین 44بور رائفلز اور گولیاں شامل ہیں۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ گولہ بارود کے 23,540 راؤنڈز جن میں 30 بور کے 12,500 راؤنڈز، 44 بور کے 4,040 راؤنڈز، 9 ایم ایم کے 4,000 راؤنڈز، 308 کے 2,900 راؤنڈز اور 7 ایم ایم کے 100 راؤنڈز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ منشیات بھی ضبط کی گئی ہیں جن میں 150 گرام آئس اور 4.450 کلو گرام ہیروئن پاؤڈر شامل ہے۔گرفتار ملزم جس کی شناخت رضا محمد کے نام سے ہوئی ہےعادی مجرم ہے اور اس کی مجرمانہ تاریخ ہے جس پر پنجاب کے مختلف اضلاع میں آٹھ مقدمات درج ہیں۔ تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اسمگلنگ کی کوشش کے پیچھے موجود نیٹ ورک کو ختم کرنے اور ساتھیوں کی شناخت کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی سید علی رضا نے اہلکاروں کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی ٹی پولیس وفاقی دارالحکومت میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ثابت قدم ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، شرپسندوں کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سیف سٹی اسلام آباد کے جدید کیمروں اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چوکیوں کے ذریعے نگرانی دارالحکومت کی حفاظت کے لیے چوبیس گھنٹے جاری رہتی ہے۔ایس ایس پی شاہ زیب نے کہا کہ یہ کامیاب آپریشن جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے اور اسلام آباد کے رہائشیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔