اسلام آباد پولیس نے غیر قانونی اسلحے کے 98 مقدمات درج کر لیے

31
اسلام آباد پولیس نے غیر قانونی اسلحے کے 98 مقدمات درج کر لیے

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پر غیر قانونی اسلحہ کے خلاف مہم تیز کر دی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 98 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔اتوار کو تعلقات عامہ کے افسر نے بتایا کہ اس سلسلے میں گزشتہ روز غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے 16 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مختلف تھانوں میں 16 مقدمات درج کر لیے گئے۔

اس مہم کے دوران اب تک مجموعی طور پر 98 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور گرفتار افراد سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) سید علی رضا نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد شہر میں جرائم کی روک تھام، شہر کو غیر قانونی اسلحہ سے نجات دلانا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

ڈی آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں گی اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی عنصر کو عوامی امن میں خلل ڈالنے،وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی ہتھیاروں کے استعمال یا شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن شہریوں کے پاس لائسنس یافتہ آتشیں اسلحے ہیں ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ تھانوں میں اپنی رجسٹریشن کرائیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ اسلام آباد پولیس کی غیر قانونی اسلحہ کے خلاف مہم جاری ہے۔