اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کی انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے اندھے قتل و ہائی پروفائل کیسز کو حل کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے کئی ہائی پرو فائل کیسز انتہائی قلیل مدت میں حل کئے ہیں،سردار فہیم قتل کیس کو حل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور سرویلنس کا استعمال قابل تحسین ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کیسز کا سراغ لگانے والی اسلام آباد پولیس کی پوری ٹیم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اسلام آباد پولیس نے بڑی کامیابی کرتے ہوئے ثنا یوسف، تجزیہ نگار سردار فہیم قتل کیسز سمیت 15 ہائی پروفائل کیسز ریکارڈ مدت میں ٹریس کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیسز کا سراغ لگانے والی اسلام آباد پولیس کی پوری ٹیم سے ملاقات کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کارکردگی کو سراہا۔ وزیرداخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی جواد طارق، ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب، ایس ایس پی انویسٹی گیشن عثمان طارق بٹ، ایس پی سٹی سلیمان ظفر، ایس پی صدر کاظم نقوی، اے ایس پی علی رضا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عباس مہدی ڈی ایس پی سلیمان شاہ، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور انوسٹی گیشن ٹیمز کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں شاباش دی اور کہا کہ ویلڈن اسلام آباد پولیس آپ کی کارکردگی پر فخر ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے اندھے قتل و ہائی پروفائل کیسز کو حل کیا،سردار فہیم قتل کیس کو حل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور سرویلنس کا استعمال قابل تحسین ہے،اسلام آباد پولیس نے کئی ہائی پرو فائل کیسز کو انتہائی قلیل مدت میں حل کیا۔ شاندار کارکردگی پر آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی جواد طارق اور ان کی پوری ٹیم خصوصی داد کی مستحق ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ امید ہے کہ اسلام آباد پولیس اسی جانفشانی اور جذبے سے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے اپنا کام جاری رکھے گی۔آئی جی اسلام آباد پولیس نے انوسٹی گیشن ٹیم کے کانسٹیبل رانا وسیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی خصوصی تعریف کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو 21 سال سے کانسٹیبل کے عہدے پر کام کرنے والے رانا وسیم کو قواعد و ضوابط کے تحت ترقی دینے کی ہدایت کی ۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔