اسلام آباد پولیس کا ترنول اور آبپارہ پولیس حدود سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرینڈ سرچ آپریشن

83

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے زونل سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس پیز) کی زیر نگرانی ترنول اور آبپارہ پولیس حدود سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر آئی سی ٹی پولیس نے شہر سے جرائم کے خاتمے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس کی بھاری نفری نے آپریشن میں حصہ لیا جس میں لیڈی پولیس فورس بھی شامل تھی۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سے قبل زونل ایس پیز نے اہلکاروں کو مشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران 150 مشکوک افراد کے ساتھ ساتھ 189 گھرانوں، دکانوں، ہوٹلوں اور موٹلز کی مکمل چیکنگ کی گئی۔ آپریشن میں 105 موٹر سائیکلوں اور 26 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کل 42 مشکوک افراد کو تھانوں میں لے جایا گیا اور 12 افراد کو احتیاطی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیااور ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن کا بنیادی مقصد علاقے میں جرائم پر قابو پانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے مجرمانہ سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے ضلع بھر میں گرینڈ سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کیے ہیں۔عوام سے گزارش ہے کہ چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔