اسلام آباد پولیس کا شہدا کے اہل خانہ اور فورس کیلئے بڑے کھانے کا اہتمام

125

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے شہدا کے اہل خانہ اور فورس کے لئے بڑے کھانے کا اہتمام کیا، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر حسن رضا خان سمیت تمام سینئر پولیس افسران نے شہدا کے اہل خانہ اور پولیس افسران و جوانوں کے ہمراہ عید الفطر کی نماز ادا کی اور عیدمنائی، اس موقع پر شہدا کے اہل خانہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

افسر تعلقات عامہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر پولیس افسران اور شہدا کے اہل خانہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز حسن رضا خان نے اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں اور شہدا کے اہلخانہ کے ہمراہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں عید الفطر کی نماز ادا کی اور پولیس کے شہدا کے اہل خانہ اور پولیس افسران و جوانوں کے لئے بڑے کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے تمام شہدا کے اہل خانہ کو پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر مدعو کیا گیا تھا جنہیں چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ شہدا کے اہل خانہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے 62 افسران و جوانوں نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کیں،اسلام آباد پولیس کسی لمحے اپنے شہدا کی قربانیوں کو نہیں بھولی، زند ہ قومیں اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر سپوت اسلام آباد پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں، انہی شہدا کی قربانیوں کی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔ تقریب میں شہدا کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ عید الفطر کے موقع پر ضلع بھر کے تھانہ جات اور دیگر اسٹیشنز پر بھی افسران و جوانوں کے لئے بڑے کھانے کا اہتمام کیا گیا جہاں سینئر پولیس افسران نے شرکت کی اور افسران و جوانوں کے ہمراہ عید منائی۔