اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس 21سے 26اپریل تک اپنے غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے غازی ویک منا رہی ہے ۔ ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں تمام ڈویژنز میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
ان تقریبات میں پولیس کے غازیوں کو مدعو کرکے خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ اب تک اسلام آباد پولیس کے 131 افسران نے غازی کا درجہ حاصل کیاہے ،ان افسران کو شجاعت اور غازی میڈلز سے نوازا گیاہے ۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے کہا کہ یہ افسران فرض کی ادائیگی میں سینہ تان کرکھڑے رہے اور اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے زخمی ہوئے،اسلام آباد پولیس کے غازی نڈر اور اسلام آباد پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں،قربانی کا جذبہ کسی بھی قوم کے بہادر سپوتوں کو نصیب ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک و قوم کے لئے قربانی دینے والوں کے خاندان بھی قابل احترام ہیں،اپنے آج کو دوسروں کے کل پر قربان کرنے والوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ آئی جی اسلام آبادنے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے 131 غازی ہیں ۔ غازی میڈل حاصل کرنے والے آفیسر کو ایک لاکھ روپے اور آ ئی جی اسلام آباد کی طرف سے کلاس ون سرٹیفکیٹ اس کی مرضی کی پوسٹنگ دی جاتی ہے جبکہ شجاعت میڈل حاصل کرنے والے آفیسر کو دو لاکھ روپے کلاس ون سرٹیفکیٹ اور محکمہ کے اندر مرضی کی پوسٹنگ دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ان ہیروز کے اور ان کی فیملی کے لیے صحت و تعلیم کے حوالے سے خصوصی ویلفیئر اقدامات بھی کئے جاتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586093